12 گروپ کی 124 خواتین،شوبھا کماری کی سربراہی میں مہم چلا رہی ہیں
مظفر پور /22 جولائی:جیویکا دیدی کی بیداری مہم بھی چمکی بخار کی روک تھام کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہو رہی ہے۔ جیویکا،کی کمیونٹی موبلائیزر شوبھا کماری نے چمکی بخار کے خلاف چار پوائنٹس کو اپنا ہتھیار بنایا ہے۔ مرض کی نشاندہی کرنے میں تاخیر نہ ہو، بچاؤ میں تاخیر نہ ہو، بچوں کو اسپتال لے جانے میں اور مناسب تغذیہ میں تاخیرنہ ہو، یہ چار چیزیں لوگوں کے درمیان گروپ کی خواتین نے ایک بنیادی منتر کے طور پر پھیلارہی ہیں جو آج ایک بڑی تبدیلی کا معمار بن گیاہے۔ شوبھا کماری کی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیت اس مہم میں قابل ذکر ہے۔
لوگوں کو چار نکات کا مطلب بتارہی ہیں:شوبھا نے بتایا کہ ان کا سب سے بڑا ہتھیار ان کے گروپ کی خواتین ہی ہیں، کیوں کہ انہیں ہی اپنے گھر،خاندان اور بچوں کو دیکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے چمکی بخار شروع ہونے کے وقت سے بہت پہلے ہی بیداری مہم شروع کردی تھی۔ شوبھا نے ہر ایک نقطہ کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ مرض کی شناخت میں تاخیر نہ ہو کا مطلب ہے سر درد، 5-7 دن تک بخار، بچے کی بے ہوشی، جسم میں چمک، ہاتھوں اور پیروں میں کپکپی، پورے جسم میں یا کسی خاص حصے کا مفلوج ہونا، ہاتھ پاؤں کا اکڑ جانا، بچے کا جسمانی اور ذہنی توازن درست نہیں ہونا، وغیرہ۔
بچاؤ میں تاخیرنہ ہو کا مطلب یہ ہے کہ تیز بخار آنے پر، پورے جسم کو تازہ پانی سے پونچھیں اور اسے پنکھے سے ہوا دیں، اگر بچہ بے ہوش نہیں ہے تو او آر ایس کا حل یا لیموں پانی صاف پانی میں دیں۔، بیہوشی کی حالت میں بچے کو ہوادار جگہ پر رکھیں، بچے کے جسم سے کپڑے نکالیں اور کسی سایہ دارجگہ پر لیٹائیں، اس کی گردن سیدھی رکھیں، اگر بچہ کے منہ سے جھاگ نکل رہا ہے تو منہ کو صاف کپڑے سے صاف کریں، اگر جھٹکے لگ رہے ہیں تو بچے کے دانتوں کے درمیان صاف کپڑوں کا گولا بناکر رکھیں، جسم کے کپڑے ڈھیلے کریں، بچے کے منہ میں کچھ نہ رکھیں۔
اسپتال پہنچانے میں تاخیر نہ ہو کا مطلب یہ ہے کہ اگر بچے میں چمکی بخارکی علامات پائی جارہی ہیں تو فوراً بچے کو قریبی کسی بھی سرکاری اسپتال میں لے جائیں۔ نجی ڈاکٹر، اور جھاڑ پھونک کرنے والوں کے چکر میں نہ آئیں۔ ایمبولینس کو 102 نمبر پر فون کرکے ہسپتال لے جایاجائے، وقت پر ایمبولینس مہیانہ ہونے کی صورت میں پہلے سے ہی 3-4 مقامی گاڑی والوں سے بات کرلیں اور ان کے فون نمبر گروپ کی خواتین کو دیں تاکہ جلد از جلد کسی کو بھی فون کرکے گاڑی کاانتظام کر کے مریض کو اسپتال منتقل کیا جاسکے۔ حکومت نے یہ سہولت بھی فراہم کی ہے کہ اگر کسی بخار کے مریض کو نجی گاڑی کے ذریعہ اسپتال پہنچایا جاتا ہے تو اس کے بدلے 400 روپے ادا کیے جاتے ہیں۔
صحیح تغذیہ کا مطلب ہے کہ بچوں کو صاف ستھرا رکھیں، جانوروں کو اپنی رہائش گاہ سے دور رکھیں، بچے کو پورے جسم ڈھکنے والے کپڑے پہنائیں، بچوں کو مچھردانی میں سلائیں، بچوں کو زمین پرگری یا پھٹی لیچی نہ دیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ رات کو انہیں کھانا کھلاکر ہی سلائیں، کھانے کے بعد گڑ، چینی، مٹھائیاں یا کوئی میٹھی چیز کھلائیں، صبح سویرے ہی بچے کو بیدار کریں، بچے کو دھوپ میں کھیلنے سے بچائیں۔
آفت کو موقع میں بدل دیا:شوبھا نے بتایا کہ ہمارا کام لاک ڈاؤن میں بھی جاری رہا، ان لوگوں نے اسے ایک موقع کے طور پر لیا اور اپنے کام کو اور تیز کردیا۔ گروپ کی خواتین ابتدائی مرحلے میں سامنے نہیں آتی تھیں۔ کورونا کا ڈر لگارہتا تھا، لیکن بار بار سمجھانے کے بعد گروپ کی میٹنگ دوبارہ شروع ہوئی۔ اس بارمیٹنگ میں نہ صرف گروپ کی خواتین شریک ہوئیں بلکہ ان کے گھر کے دیگر افراد بھی لاک ڈاؤن کے باعث میٹنگ کا حصہ بنے۔ ان میٹنگوں کے دوران جسمانی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے ماسک پہننا ضروری قرار دیاگیا۔
خواتین شوبھا کی قیادت کی قائل ہیں:شوبھا کماری نے جیویکا میں ایک ممبر کی حیثیت سے شروعات کی تھی اور آج وہ ایک کمیونٹی موبلائزر بن کر 12 گروپوں کی 124 خواتین کی رہنمائی کررہی ہے۔ 2015 میں،بوچہاں بلاک کے بھگوان پور کی شوبھا کماری نے محض 10 روپے ادا کرکے 2015 میں پائل نامی گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ وہ ہر ہفتے کو گروپ میٹنگ میں شریک رہتی تھیں۔ گروپ کی متحرک شرمیلا کماری نے چار ہفتوں کی ملاقاتوں کے بعد گروپ چھوڑ دیا۔ کمیونیٹی موبلائیزر نہ ہونے کی وجہ سے گروپ منتشر ہونے لگا۔ تب گاؤں کی خواتین نے ایک دوسرے سے مشورہ کرنے کے بعد شوبھا کماری کو اپنا کمیونیٹی موبلائیزر بنالیا۔ گاؤں کی خواتین کا خیال تھا کہ شوبھا تعلیم یافتہ ہے، لہٰذا وہ گروپ کو آگے لے جائے گی، جسے شوبھا نے سچ کردکھایا۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.